بحر ہند میں دو کشتیاں اُلٹ گئیں، 22 جان سے گئے

0 159

بحر ہند میں مڈاگاسکر کے ساحل کے قریب تارکین وطن کو لے جانے والی دو کشتیاں حادثے کا شکار ہوگئیں، جس کے باعث 22 صومالی شہری ہلاک ہوگئے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق صومالیہ کے ایتھوپیا میں سفیر عبداللہ ورفا نے موگادیشو کے سرکاری ریڈیو کو دیے گئے بیان میں بتایا کہ بحر ہند میں مڈاگاسکر کے قریب الٹنے والی دو کشتیوں میں 70 صومالی شہری سفر کررہے تھے۔

عبداللہ ورفا نے لاشوں کے ملنے کی تصدیق کردی ہے، اُن کا کہنا تھا کہ افسوسناک حادثے میں 22 افراد جاں بحق ہوئے، جبکہ 48 افراد کو مچھیروں نے ریسکیو کرلیا اور طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

اس سے قبل افریقہ کے سمندر میں اسمگلروں کی ایک کشتی الٹنے کے نتیجے میں کم از کم 25 افراد ہلاک ہوگئے تھے، ہلاک ہونے والے تمام افراد غیرقانونی تارکین وطن تھے۔

اس حوالے سے اقوام متحدہ کے مہاجرین کے ادارے آئی او ایم کا کہنا ہے کہ کشتی الٹنے کا تین ماہ میں یہ تیسرا واقعہ ہے۔ حادثہ کوموروس کے دو جزیروں کے درمیان پیش آیا۔

رپورٹ کے مطابق وہاں موجود مقامی مچھیروں نے اپنی مدد آپ کے تحت فوری کارروائی کرتے ہوئے 5افراد کو ڈوبنے سے بچا لیا تھا۔

 

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.