شام کی عبوری حکومت نے دستور اور پارلیمنٹ کو 3 ماہ کیلئے معطل کرنے کی تیاری کر لی۔
ترجمان عبیدہ ارناؤت نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ عدالتی اور انسانی حقوق کے امور سے متعلق اس سلسلے میں ایک کمیٹی قائم کی جارہی ہے جو اس دوران ملکی آئین میں نئی ترامیم متعارف کرائے گی۔
حکومتی ترجمان کے مطابق عبوری حکومت کی ترجیح ہے کہ ملکی اداروں کا تحفظ کیا جائے، اسی سلسلے میں بشارالاسد کے دور کی کابینہ کے ارکان اور سالویشن گورنمنٹ کے وزیروں کا مشترکہ اجلاس ہوا تھا، جس میں ترجیحات کا تعین کرنے کے لیے غور کیا گیا۔
عبوری حکومت کے ترجمان کا کہنا تھا ملکی ادارے اب قانون کی بالادستی کے لئے کام کریں گے، جن لوگوں نے بھی شامی عوام کے خلاف جرائم کا ارتکاب کیا ہے انہیں قانون اور کٹہرے کا سامنا کرنا ہوگا۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا مملکت میں ہر مذہب اور ہر ثقافت کا احترام کیا جائے گا۔