واٹس ایپ پر ’ڈرافٹس‘ فیچر کی آزمائش
انسٹنٹ میسیجنگ ایپلی کیشن واٹس ایپ ایک نیا فیچر متعارف کروارہی ہے، جس کے تحت صارفین اپنے نہ بھیجے گئے میسیجز باآسانی شناخت اور تلاش کرسکیں گے۔واٹس ایپ کی اپڈیٹس پر نظر رکھنے والی ویب سائٹ کے مطابق اس فیچر کے بعد اگر کوئی صارف کسی چیٹ میں پیغام لکھ کر بھیجے بغیر اسے چھوڑ دے گا تو وہ چیٹ خود بخود ’ڈرافٹس‘ فلٹر میں شامل ہوجائے گی، اس طرح صارف کو دوبارہ چیٹ تلاش کرنے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔
واٹس ایپ کا یہ نیا فیچر صارفین کو صرف وہ چیٹس دکھائے گا، جن میں پیغامات ادھورے چھوڑے گئے ہوں۔اس فیچر میں ہر ڈرافٹ چیٹ کو فہرست میں سبز رنگ کے ’ڈرافٹ‘ انڈیکیٹر سے نمایاں کیا جائے گا، جو وقت بچانے اور گفتگو کی روانی میں مددگار ثابت ہوگا۔واٹس ایپ کی اس نئی اپڈیٹ کے بعد چیٹ لسٹ فلٹر بار میں تبدیلی ہوجائے گی، جس میں ’ان ریڈ‘ اور ’آل‘ کے ساتھ اب ’ڈرافٹ‘ کا آپشن بھی دستیاب ہوگا۔
تاہم، صارفین اس فیچر کو باآسانی فعال یا غیر فعال بھی کرسکیں گے۔تکنیکی ماہرین کا کہنا ہے کہ واٹس ایپ کا یہ نیا فیچر ایک سادہ مگر مؤثر اضافہ ہے، جو روزمرہ کی چیٹ میں سہولت پیدا کرے گا۔فی الحال یہ سہولت اس وقت واٹس ایپ کے اینڈرائیڈ بیٹا ورژن میں آزمائشی مراحل میں ہے لیکن جلد ہی یہ تمام صارفین کے لیے دستیاب ہوجائے گی۔