پوری قوم حکومت اور افواج پاکستان کیساتھ کھڑی ہے، شیخ ناصری
اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)نمائندہ آیت اللہ العظمٰی شیخ محمد الیعقوبی(دام ظلہ) و سربراہ شوریٰ علمائے جعفریہ پاکستان علامہ شیخ ہادی حسین ناصری نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ پاکستانی قوم پوری یکجہتی اور عزم کے ساتھ حکومت اور مسلح افواج کی پشت پر کھڑی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے پاکستان پر کی جانے والی کسی بھی قسم کی جارحیت کا بھرپور قوت سے جواب دیا جائے گا۔ پاکستانی عوام، خواہ کسی بھی مکتبِ فکر یا طبقے سے تعلق رکھتے ہوں، اپنی سرزمین کے دفاع میں متحد ہیں۔
علامہ شیخ ہادی حسین ناصری نے مزید کہا کہ قومی وحدت ہی دشمنوں کی سازشوں کو ناکام بنانے کی سب سے بڑی قوت ہے۔ علامہ شیخ ہادی حسین ناصری نے حکومت اور افواج پاکستان کی حکمت عملی اور قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
علامہ شیخ ہادی حسین ناصری نے کہا ہے کہ پاکستانی قوم حکومت اور فوج کے شانہ بشانہ، بھارتی جارحیت کے خلاف یک زبان ہے ۔ یہ قوم کسی کی گیدڑ بھبکیوں سے ڈرنے والی نہیں۔بھارت نے کوئی بھی جارحانہ قدم اُٹھانے کی کوشش کی تو اس ملک کا بچہ بچہ اپنی سرحدوں کی حفاظت کیلئے جان دینے کو تیار کھڑا نظر آئیگا۔
علامہ شیخ ہادی حسین ناصری نے کہا ہے کہ پاک دھرتی کے مکین پاک فوج کے ہمراہ کاندھے سے کاندھا ملائے ہوئے ہیں بھارت کو کسی بھی غلط فہمی کا بھرپور جواب دیا جائیگا۔