کربلا؛ حسینیوں نے قرآن پاک ہاتھ میں بلند کر کے محرم کا استقبال کیا
کربلائے معلی میں امام حسین ؑ اور غازی عباس ؑ روضوں کے گنبد کو غسل دینے کا روح پرور پروگرام منعقد ہوا
کربلا(شوریٰ نیوز)حسینیوں نے قرآن پاک ہاتھ میں بلند کر کے محرم کا استقبال کیا، کربلائے معلی میں امام حسین ؑ اور غازی عباس ؑ روضوں کے گنبد کو غسل دینے کا روح پرور پروگرام منعقد ہوا تفصیلات کے مطابقمحرم کی آمد پر عراق کے مقدس شہر کربلا میں اکٹھا ہوئے دسیوں ہزار ملکی و غیر ملکی حسینی پروانوں نے بڑے ہی شاندار انداز میں سویڈن میں ہوئی کتابِ الٰہی کی اہانت کی ایک بار پھر مذمت کی اور قرآن پاک کو ہاتھ میں اٹھا کر لبیک یا رسول اللہ، لبیک کتاب اللہ اور لبیک یا حسین کے فلگ شگاف نعروں کے ساتھ نئے ہجری قمری سال سنہ 1445 کا استقبال کیا۔یاد رہے کہ ماہ محرم الحرام شروع ہونے کے ساتھ ہی کربلائے معلی میں حضرت امام حسین علیہ السلام اور حضرت ابوالفضل العباس علمدار کے روضہ مبارک پر قرآن مجید کے سایے میں علم کی تبدیلی اور گنبد کو غسل دینے کا روح پرور پروگرام منعقد ہوا۔ اس موقع پر بین الحرمین میں ہزاروں زائرین موجود تھے۔ اس موقع پر کربلا کی فضا لبیک یا حسین اور ھیہات من الذلہ کے نعروں سے گونج اٹھی۔خادمین نے باوضو ہوکر پاک و صاف پانی سے گنبد کو غسل دیا۔سامرا اور کاظمین میں بھی پرچم کشائی کا پروگرام منعقد ہوا۔محرم الحرام کی آمد مناسبت سے حرم حضرت امام رضا علیہ السلام اور قم میں حضرت معصومہ سلام اللہ علیھا کے گنبد مطہرپر بھی نصب پرچم کو تبدیل کر کے سیاہ پرچم نصب کر دیا گیا۔محرم الحرام کے آغاز کے ساتھ ہی ایّام سوگواری ابا عبد اللہ الحسین علیہ السلام کے شروع ہونے کے ساتھ ہی عزاداری کے پروگرام شروع ہو جاتے ہیں اور فرش عزا بچھ جاتی ہے۔اس سال پرچم کشائی کے پروگرام میں قرآن مجید کو ہاتھوں میں اٹھایا گیا تھا اور یہ اس لئے کیا گیا کہ سویڈن میں عید الاضحی کے دن قرآن مجید کی توہین کی گئی تھی۔