غزہ پر اسرائیلی جارحیت جاری، شہید فلسطینیوں کی تعداد 2800 سے تجاوز کر گئی

0 101

غزہ پر اسرائیلی جارحیت جاری ہے ، بمباری سے شہید فلسطینیوں کی تعداد 2 ہزار 800 سے تجاوز کر گئی،معصوم اور نہتے فلسطینی شہریوں کے پاس اسرائیلی حملوں سے بچنے کی کوئی جگہ نہیں بچی۔

7 اکتوبر سے اسرائيل کی غزہ پر جارحیت جاری ہے، شہیدوں میں ایک ہزار سے زائد بچے اور 400 سے زائد خواتین بھی شامل ہیں۔

فلسطینی وزارت صحت کے مطابق اسرائیلی بمباری میں اب تک 10 ہزار سے زائد افراد زخمی ہیں جبکہ اسرائیلی بمباری سے تباہ عمارتوں کے ملبے میں ایک ہزار سے زائد فلسطینیوں کی لاشیں دبی ہونے کا خدشہ ہے۔

اس کے علاوہ فلسطین جرنلسٹ سینڈیکیٹ نے غزہ میں اسرائیلی بمباری سے اب تک 11 صحافیوں کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی ہے۔

دوسری جانب اسرائیلی جارحیت کی وجہ سے 10 لاکھ سے زائد افراد بے گھر ہوگئے ہیں جبکہ غزہ میں پانی بھی ختم ہوگيا ہے جس کی وجہ سے محصور فلسطینیوں کے پیاس سے مرنے کے خدشات بھی سر اٹھانے لگے ۔

اس کے علاوہ اسرائیلی بمباری کے بعد غزہ کے 4 اسپتالوں میں علاج بند کردیا گیاہے جبکہ اسرائیل نے مزید 21 اسپتال خالی کرنے کا حکم بھی دے دیا ہے۔

اسرائیلی حکام نے فلسطینیوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ گراؤنڈ آپریشن کے پیشِ نظر غزہ پٹی کے شمالی حصے کو خالی کر کے جنوبی حصے کی طرف چلے جائیں، غزہ پٹی میں 23 لاکھ فسلطینی رہتے ہیں، یہ پٹی دنیا کے گنجان آباد مقامات میں سے ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.