غزہ کے عوام میں خوشی کی لہر دوڑ گئی، فلسطینیوں نے 6 مہینے کے بعد جشن منایا
غاصب صیہونی حکومت پر ایران کے تابڑ توڑ میزائل اور ڈرون حملوں سے پوری دنیا خاص طور سے غزہ کے عوام میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے صیہونی حکومت پر میزائل اور ڈرون حملوں پر غزہ کے مظلوم اور نہتے فلسطینیوں نے غزہ، رفح اور مسجد الاقصیٰ کے باہر جشن منایا، بڑی تعداد میں لوگوں نے لبیک یا اقصیٰ کے نعرے لگائے اور خوشی کا اظہار کیا ۔ جس کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
مرکزی غزہ؛ دیرالبلح علاقے میں واقع شہداء الاقصیٰ اسپتال کے صحن میں ایرانی میزائل دیکھ کر فلسطینی عوام جھوم اٹھے
اس درمیان غزہ کے ستمدیدہ کمسن بچوں کی تصاویر بھی شوشل میڈیا پر وائرل ہوئی ہیں جن میں صیہونی حکومت کے خلاف ایران کی تنبیہی کارروائی کے بعد انکے چہروں پر مسکراہٹ کو دیکھا جا سکتا ہے۔
فلسطینیوں خاص طور سے غزہ کے مسلمانوں کو 6 مہینے کے بعد خوشی منانے کا موقع ملا اور انہوں نے اپنی آنکھوں سے صیہونی حکومت کے مختلف علاقوں پر ایرانی ڈرون اور میزائل حملوں کا مشاہدہ کیا۔
لبنان کے دارالحکومت بیروت کے مختلف علاقوں میں بھی سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی جانب سے غاصب اور جابر صیہونی حکومت کے خلاف حملے کے بعد لبنانی عوام خوشی سے سڑکوں پر نکل آئے۔
اُدھر عراق سے بھی اطلاعات ہیں کہ ملک کے مختلف علاقوں میں لوگوں نے سڑکوں پر نکل کر صیہونی حکومت کے خلاف ایران کی انتقامی اور تنبیہی کارروائی کا پر جوش انداز میں جشن منایا۔
سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی جانب سے قدس کی غاصب اور جابر صیہونی حکومت کے خلاف شروع ہونے والے حملے کے بعد ایرانی عوام خوشی سے سڑکوں پر نکل آئے اور انقلاب اسلامی، رہبر انقلاب اور فلسطینی عوام کے حق میں نعرے لگائے۔ ایرانی عوام نے اسی طرح امریکہ مردہ باد اور صیہونی حکومت مردہ باد کے بھی فلک شگاف نعرے لگائے۔
رات گئے ایران نے صیہونی حکومت کے دارالحکومت تل ابیب سمیت مختلف علاقوں میزائل اور ڈرون حملوں سے نشانہ بنایا جس سے صیہونی حکومت کی فوجی تنصیبات کو بڑا نقصان پہنچا۔
کہا جا رہا ہے کہ ایران نے 300 سے زائد ڈرون اور بیلسٹک میزائل داغے۔
واضح رہے کہ 7 اکتوبر سے جاری غزہ پر صیہونی جارحیت میں اب تک 36 ہزار کے قریب فلسطینی شہید ہوئے جن میں خواتین اور بچوں کی تعداد زیادہ ہے۔ اس یکطرفہ جنگ میں ہلاک صیہونیوں کی تعداد 2 ہزار سے زیادہ ہے۔