2 سال میں ترسیلاتِ زر میں 10 ارب ڈالر کا ریکارڈ اضافہ ہوا،وزیر خزانہ
وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے ترسیلاتِ زر میں اضافے کو ریکارڈ اضافہ قرار دیدیا۔ قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی خزانہ کو بریفنگ میں وزیر خزانہ نے بتایا کہ 2 سال میں ترسیلاتِ زر میں 10 ارب ڈالر کا ریکارڈ اضافہ ہوا، 30 جون تک اسٹیٹ بینک کے مالی ذخائر 14 ارب ڈالر تک پہنچ جائیں گے اور ترسیلاتِ زر اس سال 38 ارب ڈالر تک ہوں گی۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ رواں مالی سال ایک ارب ڈالر کا کمرشل قرضہ پاکستان کو ملے گا، اس سال پانڈا بانڈ جاری کریں گے اور آئندہ سال انٹرنیشنل مارکیٹ کا رخ کریں گے۔ان کا کہنا تھا کہ حکومت اور آئی ایم ایف بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کا بجٹ بڑھانے پر ایک پیج پر ہیں، بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام میں 700 ارب سے زائد کا اضافہ کیا جب کہ متوسط طبقے کو گھروں کی تعمیر کے لیے سستے قرضے دیں گے۔