خیبرپختونخوا حکومت کا ترقیاتی بجٹ 528 ارب روپے تک بڑھانے کا فیصلہ
خیبرپختونخوا حکومت نے مالی سال 26-2025 کے سالانہ ترقیاتی پروگرام (اے ڈی پی) کے بجٹ میں 114 ارب روپے کے اضافے کا فیصلہ کر لیا۔نجی ٹی وی کو موصول ہونے والی سرکاری دستاویزات میں انکشاف کیا گیا ہے کہ مجوزہ بجٹ میں سالانہ ترقیاتی پروگرام کے لیے 195 ارب روپے مختص کیے جائیں گے جبکہ لوکل گورنمنٹ کے لیے 45 ارب روپے رکھنے کی تجویز ہے۔
اسی طرح ضم شدہ اضلاع کے سالانہ ترقیاتی پروگرام کے لیے 33 ارب روپے، ایکسلیریٹڈ ایمپلمنٹیشن پروگرام (AIP) کے لیے 50 ارب روپے اور فارن پراجیکٹ اسسٹنس (FPA) کے تحت منصوبوں کے لیے 175 ارب روپے رکھے جائیں گے۔ پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام (PSDP) کے لیے بھی 29 ارب روپے مختص کرنے کی تجویز دی گئی ہے، مجوزہ ترقیاتی بجٹ کا مقصد صوبے میں بنیادی ڈھانچے، تعلیم، صحت، زراعت، پانی اور توانائی سمیت مختلف شعبوں میں بہتری لانا ہے۔
اگرچہ حکومت کی جانب سے بجٹ میں خاطر خواہ اضافہ کیا جا رہا ہے لیکن اندرونی سیاسی اختلافات اور پاکستان تحریک انصاف کے ناراض گروہوں کی طرف سے ممکنہ بائیکاٹ کے باعث بجٹ کی منظوری کے حوالے سے ابہام برقرار ہے جو آئندہ چند دنوں میں صورتحال کو مزید پیچیدہ بنا سکتا ہے۔