ڈیجیٹل معیشت کی جانب اہم پیش رفت، وزیراعظم نے اعلیٰ سطح کی کمیٹی قائم کردی

0 7

وزیراعظم شہباز شریف نے کیش لیس اکانومی اور ڈیجیٹل معیشت کو فروغ دینے کے لیے اعلیٰ سطح کی کمیٹی قائم کردی۔نجی اخبار کی رپورٹ کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے ملک کی معیشت کو مکمل طور پر ڈیجیٹل اور کیش لیس بنانے کے لیے ایک بڑا فیصلہ کیا ہے۔انہوں نے ایک اعلیٰ سطح کی کمیٹی تشکیل دی ہے جس کی سربراہی وہ خود کریں گے، یہ کمیٹی ہر ہفتے ڈیجیٹل معیشت کے فروغ اور اس ضمن میں کیے جانے والے اقدامات کا جائزہ لے گی۔

اس حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ پالیسی اقدامات کے ذریعے ڈیجیٹل رقم کی منتقلی اور ادائیگیوں کو فروغ دیا جائے۔انہوں نے کہا کہ حکومت غیر رسمی معیشت کی حوصلہ شکنی اور خریداری و رقوم کی منتقلی کے لیے ڈیجیٹل ٹرانزیکشنز کو فروغ دینے کے لیے بھرپور اقدامات کررہی ہے۔

وزیراعظم نے بتایا کہ رمضان المبارک کے دوران مستحقین کو رقوم کی منتقلی ڈیجیٹل والٹس کے ذریعے شفاف، مؤثر اور فعال انداز میں یقینی بنائی گئی۔ان کا کہنا تھا کہ ڈیجیٹل والٹس کے استعمال سے اس بات کو یقینی بنایا گیا کہ مستحق افراد کو ان کا حق بغیر کسی انسانی مداخلت کے فراہم کیا گیا، جس سے امداد کی تقسیم میں شفافیت ممکن ہوئی۔

وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ ملکی معیشت میں بہتری کے باعث مہنگائی کی شرح میں کمی اور ترسیلاتِ زر میں اضافہ ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ اسٹاک مارکیٹ میں تیزی کا رجحان سرمایہ کاروں کے حکومتی پالیسیوں پر اعتماد کی عکاسی کرتا ہے۔وزیراعظم کے مطابق حکومت کی معاشی ٹیم کی محنت رنگ لا رہی ہے اور اس کے مثبت نتائج ملکی ترقی کی جانب اشارہ ہیں۔اجلاس کو بتایا گیا کہ تاجروں کو ڈیجیٹل ادائیگیوں اور رقوم کی منتقلی سے متعلق ہدایات جاری کی جاچکی ہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.