اسپیشل انویسٹمنٹ فیسیلیٹیشن (خصوصی سرمایہ کاری سہولت) کونسل کے اجلاس میں نگران وزیر تجارت نے بتایا کہ بجلی چوروں سے 16 ارب روپے کی وصولی کی گئی ہے جبکہ تمام ڈسکوز کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کو تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
نگران وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ کی زیرِ صدارت خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کی ایپکس کمیٹی کا چھٹا اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوا جو 9 گھنٹے تک جاری رہا۔ اجلاس میں کو نسل کی بدولت خلیج تعاون کونسل سے 14 سال بعد آزادانہ تجارت کا معاہدہ طے پاگیا ہے۔
شرکا نے ملک میں سرمایہ کاری پر اثر انداز ہونے والے اقتصادی عناصر ،بشمول اصلاحاتی عمل میں تعطل اور شدید خسارے والے سرکاری اداروں کی نجکاری کے عمل کا بھی جائزہ لیا۔
اجلاس میں عوام کے وسیع تر مفاد اور ملکی خزانے کو مزید نقصان سے بچانے کیلئے قومی ملکیت والی کمپنیوں (SOEs) کی نجکاری کے عمل کو تیز کرنے پر اتفاق ہوا۔
کمیٹی نے سرمایہ کاری کے مقامی اور بین الاقوامی اداروں کے ساتھ سرمایہ کاری کے لئےطے شدہ اہداف کے حصول کیلئے اٹھائے گئے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔