اسٹاک مارکیٹ، 51ہزار پوائنٹس کی نفسیاتی حد گر گئی، ڈالر کی محدود پیشقدمی
انٹربینک مارکیٹ میں 30پیسے کمی سے ڈالر 279.42 کا ہوگیا، اوپن مارکیٹ میں 50پیسے بڑھنے سے 281.50 روپے پر پہنچ گیا
گیس ٹیرف بڑھنے سے افراط زر کی شرح 24فیصد تک پہنچنے کے خدشات، فرٹیلائزر، آئل اینڈ گیس سیکٹر میں پرافٹ ٹیکنگ کے باعث پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں منگل کو اتار چڑھاو کے بعد مندی رہی جس سے انڈیکس کی 51000پوائنٹس کی نفسیاتی سطح گرگئی۔
مندی کے سبب 50فیصد حصص کی قیمتیں گرگئیں جبکہ سرمایہ کاروں کے 18ارب 51کروڑ 13لاکھ 69 ہزار 273 روپے ڈوب گئے، کاروبار کے آغاز پر 51پوائنٹس کی تیزی بھی ہوئی لیکن فوری منافع کے حصول پر رحجان غالب ہونے سے محدود اتار چڑھاؤ کے بعد مارکیٹ مندی سے دوچار ہوئی۔
کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 42.89 پوائنٹس کی کمی سے 51027.94 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا،کاروباری حجم پیر کی نسبت 12فیصد کم رہا اور مجموعی طور پر 32کروڑ 14لاکھ 3ہزار 857 حصص کے سودے ہوئے۔