زرعی ترقی بہت سے معاشی مسائل کا حل ہے، ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک

0 118

ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک سلیم اللہ نے کراچی ایکسپو سینٹر میں ڈیلفا کیٹل شو کی افتتاحی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسٹیٹ بینک نے زراعت کے شعبے کی ترقی کے لیے ایک نیا منصوبہ تیار کیا ہے جو آئندہ دو سے تین ماہ میں پیش کردیا جائے گا۔

اس منصوبے کے تحت چھوٹے فارمرز کو فنانسنگ کی فراہمی آسان بنانے کے ساتھ ان کی پیداواری صلاحیت کو بھی بہتر بنایا جائے گا، بدقسمتی سے پاکستان میں زراعت کے شعبے پر اتنی توجہ نہیں دی گئی جتنی دینی چاہیے تھی۔

زراعت کے شعبے کو ترقی دی جائے تو پاکستان کی معیشت کو درپیش بیشتر اہم مسائل حل ہوسکتے ہیں، جن میں معاشی ترقی کی محدود شرح نمو، افراط زر، بے روزگاری، فوڈ سیکیوریٹی جیسے مسائل شامل ہیں۔

ڈپٹی گورنر سلیم اللہ نے کہا کہ پاکستان کی درآمدات میں زرعی مصنوعات کا حصہ 10ارب ڈالر ہے، اگر زراعت لائیو اسٹاک فشریز کو ترقی دی جائے تو اس میں سے 8سے 9ارب ڈالر باآسانی بچائے جاسکتے ہیں جبکہ قیمتوں کو مناسب سطح پر رکھتے ہوئے افراط زر کے مسئلے پر قابو پایا جاسکتا ہے۔

اسٹیٹ بینک کا زراعت کی ترقی پر خصوصی فوکس ہے اس مقصد کے لیے اسٹیٹ بینک ایک نئے منصوبے پر کام کررہا ہے جو آئندہ دو سے تین ماہ میں متعارف کرایا جائے گا۔

اس منصوبے کے تحت چھوٹے فارمرز کی مالیاتی سہولتوں تک رسائی کو آسان بنایا جائے گا کیونکہ 75فیصد چھوٹے فارمز غیرروایتی طریقوں سے مالیاتی خدمات حاصل کر رہے ہیں جس کے لیے انہیں کڑی شرائط کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.