جنگ کا آٹھواں روز, ایران کا جنوبی اسرائیل میں میزائلوں سے حملہ، عمارتیں ملیامیٹ
ایران کی جانب سے جنگ کے آٹھویں روز جنوبی اسرائیل میں میزائلوں سے حملہ کیا گیا ہے جس سے متعدد عمارتیں ملیا میٹ ہو گئی ہیں اور بیشتر مقامات سے دھواں اٹھ رہا ہے، مائیکرو سافٹ کا دفتر بھی متاثر ہوا۔اسرائیلی فوج نے میزائل روکنے میں ناکامی کا اعتراف کرتے ہوئے انٹرسیپٹر میں ممکنہ خرابی کو اس کی وجہ قرار دے دیا۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق ایران نے آج صبح ایک مرتبہ پھر اسرائیل پر میزائلوں کی بارش کردی، اسرائیل کے شہر بیرشیبا میں ایک میزائل گرنے سے مائیکرو سافٹ آفس کے قریب بڑے پیمانے پر آگ لگ گئی۔بحیرۂ مردار میں ڈرونز کی دو بار پروازوں کے بعد بیلسٹک میزائل داغے گئے، حملے میں کسی کے ہلاک ہونے کی اطلاع نہیں ملی البتہ جنوبی اسرائیل کے علاقے بیرشیبا میں سینکڑوں گاڑیوں کی تباہی کی اطلاعات آئی ہیں۔
ایرانی میڈیا کے مطابق آپریشن وعدہ صادق سوم کے تحت میزائل حملے کی چودھویں لہر اٹھی جس کی ایران نے ویڈیو بھی جاری کی، اس لہر میں اسرائیلی فوج کے کمانڈ اور انٹیلی جنس ہیڈ کوارٹرز کو نشانہ بنایا گیا۔دوسری طرف اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ رات بھر تہران میں درجنوں حملے کیے، ان حملوں میں 60 طیاروں نے حصہ لیا اور 120 اہداف کو نشانہ بنایا، ان حملوں میں میزائل بنانے والی فیکٹریوں کو نشانہ بنانے کا بھی دعویٰ کیا گیا۔
اسرائیلی حکام نے جنوبی اسرائیل میں ایرانی حملے کے بعد بیرشیبا کا ریلوے سٹیشن بند کر دیا ہے، شہریوں کو متاثرہ مقامات سے دور رہنے کی ہدایت کی، بتایا گیا ہے کہ یہ میزائل حملہ براہ راست داغا گیا ہے، اسے دفاعی نظام روکنے میں ناکام رہا۔اسرائیلی ایمرجنسی سروسز نے حملے میں ہلاکتوں کی اطلاع نہیں دی، صرف کچھ افراد زخمی ہونے کا بتایا ہے۔