حزب اللہ کا صیہونی فوج پر ڈرون حملہ 18 اہلکار زخمی
غزہ: لبنانی مزاحمتی تنظیم حزب اللہ کی جانب سے کیے جانے والے ڈرون حملے میں 18 صیہونی فوجی زخمی ہوگئے۔
عرب میڈیا کے مطابق لبنان کی سرحد پر صیہونی فوج اور لبنانی مزاحمتی تنظیم حزب اللہ کے درمیان جھڑپوں میں تیزی دیکھنے میں آئی ہے۔
اتوار کو حزب اللہ کی جانب سے کیے گئے ڈرون حملے میں 18 صیہونی فوجی زخمی ہوگئے جن میں سے ایک کی حالت تشویشناک ہے۔
رپورٹس کے مطابق لبنان کی سرحد پر جاری جھڑپوں میں اب تک حزب اللہ کے 349 جنگجوؤں سمیت 435 لبنانی مارے گئے ہیں جب کہ جھڑپوں میں 15 صیہونی فوجیوں سمیت 25 صیہونی ہلاک ہوئے ہیں۔
دوسری جانب صیہونی فوج کی جانب سے غزہ کے شہریوں پر حملے جاری ہیں اور رات گئے صیہونی حملوں میں مزید 3 فلسطینی شہید ہوگئے۔
واضح رہےکہ 7 اکتوبر سے جاری صیہونی بربریت میں اب تک کم از کم 37,877 فلسطینی شہید اور 86 ہزار سے زائد زخمی ہوچکے ہیں۔