حملے کا خدشہ تھا، بھارت کی جانب سے شہری آبادی کو نشانہ بنانا افسوسناک ہے: عطا تارڑ

0 8

وزیراطلاعات عطا اللہ تارڑ کا کہنا ہے کہ ہمیں پہلگام ڈرامے کے بعد بھارت کی جانب سے حملے کا خدشہ تھاتاہم بھارت کی جانب سے شہری آبادی کو نشانہ بنانا انتہائی افسوسناک ہے۔

عالمی نشریاتی اداروں سےگفتگو کرتے ہوئے وزیراطلاعات عطا تارڑ نے کہا کہ بھارت نے پاکستان کے 5 مقامات پر حملہ کیا، بھارتی حملوں میں خواتین اور بچے جاں بحق ہوئے، نقصان کاجائزہ لیا جا رہا ہے تاہم بھارت کی جانب سے شہری آبادی کو نشانہ بنانا انتہائی افسوسناک ہے۔

وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے بھارتی جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے جارحیت میں کبھی پہل نہیں کی لیکن اپنے دفاع کیلئے جوابی کارروائی کا حق رکھتا ہے۔

عطااللہ تارڑ نے بتایا کہ بھارت کے پاس پہلگام واقعے میں پاکستان کے ملوث ہونے کے کوئی شواہد نہیں، پہلگام کا علاقہ لائن آف کنٹرول سے 200 کلو میٹر دور ہے، غیر ملکی اور مقامی صحافیوں کو لائن آف کنٹرول کا دورہ کرایا، ان مقامات کے بارے میں بھارت کا الزام تھاکہ وہاں دہشت گردوں کے کیمپ ہیں، پہلگام واقعہ بھارتی سکیورٹی فورسز کی ناکامی ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ کا کہنا تھا پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ میں فرنٹ لائن اسٹیٹ ہے، ہم اپنے مغربی علاقوں اور سرحدوں پر دہشت گردوں سے لڑ رہے ہیں، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہم نے 90 ہزار جانیں قربان کیں، جعفر ایکسپریس واقعہ ہوا تو بھارت نے اس کی مذمت تک نہیں کی، بھارت خود دہشت گردی کی سرگرمیوں میں ملوث ہے، بھارت نے امریکا، کینیڈا اور آسٹریلیا میں سکھوں کا قتل عام کیا۔

عطااللہ تارڑ نے کہا کہ بھارت کے خلاف دہشت گردی میں ملوث ہونے کے واضح ثبوت موجود ہیں، کلبھوشن یادیو بھارت کا نیول آفیسر ہے جو دہشت گردی کی سرگرمیوں میں ملوث تھا،کلبھوشن پاکستان کے پاس بھارت کے خلاف ایک ٹھوس ثبوت ہے۔

انھوں نے مزید بتایا کہ وزیراعظم نے سفارتی محاذ پر کئی ممالک کے سفراء سے ملاقات کی، پاکستان نے پہلگام واقعے کی شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کی پیشکش کی ہے، قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس طلب کیا گیا ہے۔

 

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.