پاکستان مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر رانا ثنا اللہ نے پارٹی کے سینیئر رہنما جاوید لطیف اور سینیٹر عرفان صدیقی کے بیانات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ الیکشن میں کسی کو ٹارگٹ کیا گیا اور نہ ہی نوازشریف کی چوتھی بار وزیراعظم بننے کے حوالے سے دو نمبری کی گئی۔
انہوںنے نجی نیوز چینل سے گفتگو میںکہا کہ جاوید لطیف کی یہ بات درست نہیں کہ الیکشن میں کسی کو ٹارگٹ کیا گیا، جاوید لطیف کے پاس اگر کوئی ثبوت ہیں تو سامنے لے آئیں۔
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ سینیٹرعرفان صدیقی کی نوازشریف کی چوتھی بار وزیراعظم نہ بننے کی خواہش والی بات بھی درست نہیں ہے، عوام کے ساتھ دو نمبری نہیں ہو سکتی، جو سزائیں بانی پی ٹی آئی کو آخری ہفتے میں دی گئیں، اس سے اُنہیں فائدہ ہی ہوا ہوگا۔
یاد رہے کہ ن لیگ کے سینیئر رہنما سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا کہ ان کی لندن میں نواز شریف کے ساتھ بہت سی ملاقاتیں ہوئیں تھیں، وہ وزیراعظم بننے کا ارادہ نہیں رکھتے تھے، نواز شریف اس بار وزیر اعظم بننے پر آمادہ نہیں تھے۔