سیاست دان کو اپنی زبان کا پاس رکھنا ہوتا ہے، خورشید شاہ

ورنہ اْس کے جھوٹے بیانیوں کی قیمت ریاست اور عوام دونوں کو ادا کرنی پڑتی ہے

0 66

اسلام آباد (شوریٰ نیوز)وفاقی وزیر آبی وسائل سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ گزشتہ حکومت کے ناپختہ، مفادپرستانہ اور غیر قانونی اقدامات نے ملک کو معاشی اور سیاسی تباہی کے دھانے پر پہنچا دیا تھا مگر موجودہ مخلوط حکومت نے مثبت اور ٹھوس اقدامات سے ملک کو معاشی اور سیاسی تباہی سے بچا لیا ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ سیاست دان کو اپنی زبان کا پاس رکھنا ہوتا ہے ورنہ اْس کے جھوٹے بیانیوں کی قیمت ریاست اور عوام دونوں کو ادا کرنی پڑتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں ایک لیڈر کا قوم سے یہ کہنا کہ معیشت کو سنبھالنے کیلئے اس نے ماہرین کی ٹیم تیار کر رکھی تھی سراسر جھوٹا بیانیہ تھا اور پھر قوم نے دیکھا کہ حکومتی ذمہ داری ملنے پر وہ لیڈر ایک بھی معاشی ماہر قوم کے سامنے پیش نہ کر سکا اور قوم کے ساتھ یہ سراسر مذاق تھا۔ انہوں نے کہا کہ اْس لیڈر کی ایسی غلط بیانیوں نے نہ صرف ملکی معیشت اور سیاست کو تباہ کیا بلکہ خارجہ تعلقات کا بھی بیڑا غرق کر دیا۔انہوں نے کہا کہ کچھ لوگوں نے ریاست اور اس کے نظام کو کمزور کرنے کیلئے تشدد اور انتشار کا سہارا لیا مگر ہم نے تحمل اور تدبر سے ریاست اور ملکی نظام کو کمزور نہیں ہونے دیا۔ انہوں نے کہا کہ سیاست کے میدان میں تدبر،تحمل اوربرداشت کو فتح حاصل ہوتی ہے اور تشدد اور انتشار پسند میدان سیاست میں زیادہ دیر نہیں ٹھہر سکتے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ انتخابات منصفانہ اور غیرجانبدارانہ ہوں گے اور آئندہ کسی کی مرضی پر نہ ایمپائر مقرر ہوں گے اور نہ کسی کی خواہش پرآر ٹی ایس بٹھانے جیسی حرکت کی جائے گا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.