پروگراموں کے انعقاد سے نئی نسل کو رہنمائی ملے گی،گورنر بلوچستان

جب تک اکیڈمیہ اور مارکیٹ کے درمیان اپنی معاشرتی ضروریات کو نہیں سمجھیں گے تعمیر و ترقی کی دوڑ میں شامل نہیں ہو سکتے

0 67

کوئٹہ(شوریٰ نیوز) گورنر بلوچستان ملک عبدالولی خان کاکڑ نے نیشنل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی (نسٹ) بلوچستان کیمپس کے دورے کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ جدید تقاضوں اور انسانی ضروریات سے متعلق ایسے پروگراموں کے انعقاد سے نئی نسل کو پل پل بدلتی دنیا کے ساتھ ہمدم اور ہمقدم رہنے میں مدد اور رہنمائی ملے گی. انہوں نے کہا کہ جب تک ہم قومی سطح پر اکیڈمیہ اور مارکیٹ کے درمیان اپنی معاشرتی ضروریات کے مطابق اشتراک پیدا کرنے کے پہلو کو سنجیدگی سے نہیں لینگے اُس وقت تک ہم حقیقی تعمیر و ترقی کی دوڑ میں شامل نہیں ہو سکتے. ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز نسٹ یونیورسٹی بلوچستان کیمپس کے دورے کے موقع پر منعقدہ تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا. اس موقع پر نسٹ کیمپس کے ڈین اینڈ ڈائریکٹر برگیڈیر ڈاکٹر وسیم خالق سمیت مختلف انڈسٹریز کے نمائندے بھی موجود تھے. شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے گورنر بلوچستان نے کہا کہ آج ہم بحیثیت قوم جس معاشی بدحالی، شدید غربت، بیروزگاری اور فکری پسماندگی سے دو چار ہیں ایسی شعوری کوششوں سے مجموعی طور پر معاشی آسودگی کی نئی راہیں متعین ہو جائے گئیں. انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے ماضی میں علم و سائنس کے شعبوں میں ریسرچ سینٹرز کے فقدان اور جدت و جدیدیت پر مبنی سوچ واپروچ کو اختیار نہ کرنے کی وجہ سے ہم اپنے ماہرین اور محققین سے استفادہ نہ کر سکے. گورنر بلوچستان نے کہا کہ یہ پورے بلوچستان کی خوش قسمتی ہے کہ اس میں بارہ سرکاری یونیورسٹیوں کی موجودگی سے تقریباً تمام صوبے کے اضلاع کے طلباء و طالبات کو ہائیر ایجوکیشن کے ثمرات سے مستفید ہونے کے مواقع میسر ہیں. ضرورت اس امر کی ہے ہم جدید سائنٹفک ایجوکیشن کے ساتھ ساتھ جدید مہارتوں کو سیکھنے پر توجہ مرکوز رکھیں انہوں کہا کہ ایک بات بہت واضح ہے کہ ہنرمند شخص کبھی کسی کا محتاج نہیں رہتا لہٰذا ضروری ہے کہ ہم صوبے بھر میں فنی اور تیکنیکی تعلیم کے اداروں کو فعال کریں. گورنر بلوچستان نے تجویز دی کہ ریسرچ اور ایڈوکیسی کیلئے سرکاری اور عوام سطح پر زیادہ سے زیادہ ٹیکنیکل انسٹیٹیوٹ، ریسرچ سینٹرز اور تھنک ٹینکس قائم کریں تاکہ ہمیں پالیسی سازی اور بجٹ سازی میں بھی ماہرانہ مدد و رہنمائی مل سکیں. گورنر بلوچستان نے اکیڈمیہ اور انڈسٹری کے درمیان اشتراک پیدا کرنے کے حوالے سے نسٹ کیمپس بلوچستان کی کاوشوں کو لائق تحسین قرار دیا اور توقع ظاہر کی کہ اشتراک کا یہ سلسلہ آگے بھی جاری رہیگا. قبل ازیں گورنر بلوچستان نے نسٹ کیمپس بلوچستان میں لگائے گئے اسٹالز کا معائنہ کیا اور پروجیکٹ بنانے والے طلباء و طالبات میں ونر ایوارڈز تقسیم کیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.