بھارتی پروازوں کے لئے پاکستانی فضائی حدود کی بندش کا آٹھواں روز، گزشتہ 7 روز کے دوران 700 سے زائد بھارتی پروازیں متاثر ہوئیں۔
بھارتی ایئرلائنز کو 7 روز میں 150 کروڑ بھارتی روپے سے زائد کا نقصان ہوا، پاکستان کی فضائی حدود بندش سے بھارتی طیاروں کو آدھے بھارت سے ہوکر بحیرہ عرب سے جانا پڑ رہا ہے، لمبے روٹ سے فیول اور دیگر دگنے اخراجات نے بھارتی ایئرلائنز کی کمر توڑ کر رکھ دی۔
بھارتی ایئرلائنز کی پروازوں کے دورانیے میں 2 سے 10 گھنٹے تک اضافہ ہو گیا، دہلی، ممبئی، امرتسر، بنگلور، احمد آباد سے مشرق وسطیٰ کی پروازوں کو 2 گھنٹے اضافی دورانیہ کے علاوہ فیول کی مد میں بھی یومیہ کروڑوں کا نقصان الگ ہورہا ہے۔
بھارتی شہروں سے امریکا، یورپ برطانیہ کی پروازوں کا دورانیہ میں 5 سے 10 گھنٹے مزید بڑھ گیا، یورپ، امریکا، برطانیہ جانے والی بھارتی پروازوں کو کم سے کم دو بار لینڈ کروا کر طیاروں کی ری فیولنگ پر بھی یومیہ کروڑوں کا نقصان ہو رہا ہے۔
بھارتی مسافروں کو پروازوں کی منسوخی اور دیگر ملکوں کی کنیکٹنگ فلائٹس میں وقت پر نہ پہنچنے سے پروازیں چھوٹ رہی ہیں، ری فیولنگ کے لیے بھارتی طیاروں کو لینڈنگ پر بھاری ایئرپورٹ چارجز دینا پڑ رہے ہیں۔
ایوی ایشن ذرائع کے مطابق بھارتی ایئرلائنز کے عملے کو بھی ڈیوٹی ٹائم اور آرام میں بھی خلل کا سامنا ہے، بھارتی ایئرلائنز نے یومیہ کروڑوں کے نقصان کے متعلق بھارتی حکومت کو آگاہ کیا ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان نے ابتدائی طورپر بھارتی طیاروں کے لیے اپنی فضائی حدود ایک ماہ کے لئے بند کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔