غزہ میں اقوام متحدہ کے اسکول پر صیہونی بمباری، مزید 200 فلسطینی شہید

0 88

غزہ میں اقوام متحدہ کے اسکول پر صیہونی بمباری کے نتیجے میں مزید 200 فلسطینی شہید ہوگئے۔

اقوام متحدہ کی امدادی ایجنسی کے مطابق صیہونی فوج نے جبالیہ کیمپ میں اقوام متحدہ کے اسکول پر فضائی حملہ کیا۔

غزہ کے حکام کا کہنا ہےکہ اقوام متحدہ کے اسکول پر صیہونی بمباری سے 200 فلسطینی شہید اور متعدد زخمی ہوئے ہیں۔

عرب میڈیا کے مطابق اسکول میں ہزاروں فلسطینی پناہ لیے ہوئے ہیں۔

فلسطینی وزارت صحت کے مطابق صیہونی فورسز نے جبالیہ کیمپ میں رہائشی عمارت پر بھی حملہ کیا،صیہونی بمباری سے ایک ہی خاندان کے 32 افراد شہید ہوئے، شہید ہونے والوں میں 19 بچے شامل ہیں۔

صیہونی فوج کی جانب سے غزہ میں الشفا اسپتال کا گھیراؤ اور تلاشی جاری ہے۔

فلسطینی حکام کا کہنا ہےکہ بجلی بند ہونے سے 24 گھنٹے کے دوران اسپتال میں 24 مریض انتقال کرگئے، الشفا اسپتال میں 11 نومبر سے اب تک بجلی بند ہونے کے باعث قبل ازوقت پیدائش والے 4 بچوں سمیت 40 مریض انتقال کرچکے ہیں۔

صیہونی بمباری اور حملوں کے دوران شہدا کی مجموعی تعداد 12 ہزار سے زائد ہو چکی ہے، جن میں 5 ہزار بچے شامل ہیں، 30 ہزار سے زائد زخمی ہیں اور 18 سو بچوں سمیت تقریباً 4 ہزار فلسطینی لاپتہ ہیں، کئی کے ملبے تلے دبے ہونےکا خدشہ ہے۔

 

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.