جنوبی غزہ میں صیہونی فوج کے فضائی حملے میں ایک اور فلسطینی صحافی شہید ہوگیا ہے۔
جنوبی غزہ کے علاقے خان یونس میں صیہونی حکومت کی جانب سے بدترین جارحیت جاری ہے جہاں فضائی حملوں میں معصوم فلسطینیوں سمیت قطری میڈیا الجزیرہ غزہ کے بیوروچیف وائل الدحدوح کا بیٹا صحافی حمزہ الدحدوح بھی شہید ہوگیا۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ حمزہ الدحدوح خان یونس میں ساتھی صحافی کے ساتھ گاڑی میں سفر کر رہے تھے اس دوران حملے کا نشانہ بنے۔
اس سے قبل الجزیرہ کے بیوروچیف وائل الدحدوح کے دیگر اہلخانہ بھی اکتوبر میں صیہونی بمباری میں شہید ہو چکےہیں جبکہ وہ خود میں زخمی ہوئے تھے۔
اکتوبرمیں صیہونی حملےمیں وائل الدوحدوح کی اہلیہ،بیٹا، بیٹی اور نواسا شہید ہوئے تھے ۔
رپورٹ کے مطابق 7 اکتوبر سے اب تک غزہ میں صیہونی حملوں میں 109 صحافی شہید ہو چکے ہیں۔
خیال رہے کہ 7 اکتوبر سے اب تک صیہونی حملوں میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 22 ہزار 925 سے متجاوز ہو چکی ہے جبکہ 57 ہزار 910 سے زائد افراد زخمی ہو چکے ہیں۔
فلسطینی وزارت صحت کے مطابق شہید فلسطینیوں میں 9 ہزار 600 سے زائد بچے اور 6 ہزار 750 سے زائد خواتین شامل ہیں جبکہ زخمیوں میں بھی 8 ہزار 663 بچے اور 6 ہزار 327 سے زائد خواتین شامل ہیں۔