ایران کا صیہونی حکومت پر حملہ: 200 سے زائد ڈرون اور میزائل داغ دیے، فوجی اڈے کو نقصان

0 170

ایران نے دمشق میں ایرانی قونصل خانے پر حملے کا جواب دیتے ہوئے صیہونی حکومت پر 200کے قریب ڈرون اور میزائل داغ دیے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق ایران نے صیہونی حکومت پر براہ راست ڈرون حملے کیے جس کی تصدیق ایرانی پاسدران انقلاب نے بھی کی جبکہ صیہونی حکومت نے ایران کے متعدد ڈرون گرانے کا دعویٰ بھی کیا ہے۔

ایرانی میڈیا رپورٹ کے مطابق ایران نے صیہونی دفاعی تنصیبات کو نشانہ بنایا، گولان کی پہاڑیوں اور شام کے قریب صیہونی فوجی ٹھکانوں کو بھی نشانہ بنایا گیا۔

ایرانی میڈیا کا دعویٰ ہے کہ تہران صیہونی حکومت میں 50 فیصد اہداف کو نشانہ بنانے میں کامیاب رہا، صیہونی فضائی اڈے کو خیبر میزائلوں سے ٹارگٹ کیا گیا۔

دوسری جانب صیہونی فوج نے تصدیق کی ہے کہ ایران کے 200 ڈرونز صیہونی علاقوں تک پہنچے، زمین سے زمین پر مار کرنے والے درجنوں ایرانی میزائلوں میں سے کچھ میزائلوں سے صیہونی حکومت میں حملہ ہوا ہے۔

صیہونی فوجی ترجمان نے بھی تصدیق کی کہ ایرانی ڈرونز سے جنوبی صیہونی حکومت میں فوجی اڈے کو نقصان پہنچا اور صیہونی حکومت پر ایرانی میزائل حملے میں ایک لڑکی زخمی ہوئی، خطرات ابھی ٹلے نہیں ہیں اور فورسز خطرات کا مقابلہ کر رہی ہیں۔

 

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.