بھارتی مطالبات مسترد؛ آئی ایم ایف کا پاکستان کو 2.3 ارب ڈالر پیکج شیڈول کے مطابق دینے کا فیصلہ

0 7

آئی ایم ایف نے بھارت کو نظرانداز کرتے ہوئے مودی سرکار کے پاکستان مخالف مطالبات مسترد کر دیے۔ پاکستان کو 2.3 ارب ڈالر کا پیکج طے شدہ شیڈول کے مطابق جاری کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ آئی ایم ایف کا ایگزیکٹو بورڈ 9 مئی کو پاکستان کی درخواست پر غور کرے گا۔

بھارت کی جانب سے آئی ایم ایف پروگرام کو سیاست زدہ کرنے کی ناکام کوشش کی گئی، پاکستان نے بھارت کی جانب سے اس اقدام کو مسترد کر دیا۔

پاکستان معاشی ترقی کے لیے آئی ایم ایف کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہتا ہے، پاکستان میکرو اکنامک استحکام کو برقرار رکھنے کے لیے پورے عزم سے کام کر رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف پروگرام کے خلاف منفی بیانیہ بھارت کی سندھ طاس معاہدے کی غیر قانونی معطلی کی طرح عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے، بھارت کا یہ رویہ خطے میں عدم استحکام کا باعث بن رہا ہے۔

بھارتی عدم برداشت خطے میں توازن کو خراب کر رہی ہے، آئی ایم ایف پروگرام میں بھارتی مداخلت کسی صورت منظور نہیں۔ پاکستان اپنی معیشت کو مسلسل مستحکم کرنے کی کوششیں کر رہا ہے، بھارت مسلسل عالمی قوانین اور دوسرے ممالک کے حقوق کی خلاف ورزیاں کر رہا ہے۔

واضح رہے کہ گذشتہ روز بھارت نے آئی ایم ایف سے پاکستان کا قرض رکوانے کی کوششیں شروع کر دی تھیں، بھارت نے انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) سے مطالبہ کیا کہ وہ پاکستان کو دیے گئے قرضوں کا ازسرِ نو جائزہ لے۔

بھارتی ذرائع ابلاغ کی رپورٹوں میں بھی تصدیق ہوئی ہے کہ بھارت پاکستان کا قرض رکوانے کی کوشش کر رہا ہے۔ تاہم پاکستانی وزیر خزانہ کے مشیر خرم شہزاد نے غیر ملکی خبررساں ایجنسی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ آئی ایم ایف پروگرام مکمل طور پر درست سمت میں گامزن ہے، آئی ایم ایف کا حالیہ جائزہ کامیابی سے مکمل ہوا ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.