ڈیجیٹل اثاثوں کیلئے قانونی فریم ورک کا مسودہ سامنے آگیا
وزارتِ قانون نے ڈیجیٹل اثاثوں کیلئے قانونی فریم ورک کا مسودہ پیش کیا، مسودہ اہم اسٹیک ہولڈرز اور تکنیکی ماہرین کے اشتراک سے تیار کیا گیا۔ وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے فریم ورک کو حتمی شکل دے کر جلد نافذ کرنے کی ہدایت کردی ہے۔قانونی فرہیم ورک کا مسودہ اسلام آباد میں وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی صدارت میں ڈیجیٹل اثاثوں کی قانون سازی پر اجلاس میں پیش کیا گیا۔ اجلاس میں تیز قانون سازی اور مؤثر نفاذ کو یقینی بنانے پر اتفاق کیا گیا۔
اعلامیے کے مطابق مجوزہ قانون ڈیجیٹل، ورچوئل اثاثوں سے متعلق مضبوط ریگولیٹری ڈھانچہ پیش کرے گا۔ گورننس کا طریقہ کار، لائسنسنگ کے پروٹوکولز اور سرمایہ کاروں کے تحفظ کے اقدامات بھی شامل ہیں۔اجلاس میں مسودے کا تفصیلی جائزہ لے کر تجاویز شامل کی گئیں، وزیر خزانہ نے متعلقہ فریقین کی مشترکہ کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا بلاک چین اور کرپٹو ٹیکنالوجیز کے معاشی فوائد کو بروئے کار لایا جائے گا۔
اجلاس میں ڈیجیٹل اور ورچوئل اثاثوں کیلئے جامع ریگولیٹری فریم ورک اور پاکستان کرپٹو کونسل پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ بلاک چین اور کرپٹو سے متعلق معاون خصوصی بلال بن ثاقب نے اجلاس میں ورچوئل شرکت کی۔