اسٹاک مارکیٹ میں تیزی،انڈیکس 51177کی سطح پر آگیا
حصص کی مالیت میں 31ارب 79کروڑ 38لاکھ 62 ہزار 696روپے کا اضافہ ہوگیا، 456 پوائنٹس کی تیزی بھی ہوئی ،کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 149.19پوائنٹس کے اضافے سے 51177.13پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔
حکومت کی جانب سے کثیرالقومی کمپنیوں اور غیرملکی سرمایہ کاروں کو زرمبادلہ میں منافع کی رقم اپنے ہیڈ کوارٹر منتقل کرنے کی اجازت دیے جانے سے بدھ کو بھی اتار چڑھاؤ کے باوجود ڈالر کی پیشقدمی جاری رہی جس سے ڈالر کے اوپن ریٹ 282روپے کی سطح پر آگئے۔
مارکیٹ ذرائع کے مطابق حکومت کے انتظامی اقدامات کے نتیجے میں زرمبادلہ کی سپلائی اگرچہ بہتر ہوچکی ہے لیکن پاکستان کو اب بیرونی ادائیگیوں کے چیلنجز درپیش ہیں جو ڈالر کی محدود پیشقدمی کا باعث بن رہی ہے۔
کاروبار کے اختتام پر ڈالر کے انٹربینک ریٹ 46پیسے کے مزید اضافے سے 279روپے 88پیسے کی سطح پر بند ہوئی، اسی طرح اوپن کرنسی مارکیٹ میں بھی ڈالر کی قدر 50پیسے کے اضافے سے 282روپے کی سطح پر بند ہوئی۔